Description
عرضِ سدید
”عالَمِ سوز و ساز“ میں نیّراقبال علوی کی کہانیاں پڑھ کر مُجھے احساس ہُوا کہ وہ بُنیادی طور پر مُعاشرے کے نقّاد ہیں، لیکن وہ اپنے تاثُّر کو خبر نہیں بناتے اور تنقید میں کانٹوں کی جراحت پیدا نہیں کرتے۔ اِس کے برعکس وہ زِندگی کے ہر واقعے کو جو اُن کے مُشاہدے کی عینک سے گُذر کر اُن کے دِل میں کُہرام بپا کر دیتا ہے ، کہانی کا رُوپ دیتے ہیں، اُن کی کہانی کے کِردار واقعے کی جُزئیات کی عینی شہادت فراہم کرتے اور پُورا مُقدّمہ مُعاشرے کی عدالت میں پیش کر دیتے ہیں، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ نیّراقبال علوی سُپریم کورٹ کے جج کی طرح فیصلہ صادر نہیں کرتے، اور نہ مُعاشرتی ”مُجرموں“ کے لیے سزا تجویز کرتے ہیں، وجہ شاید یہ ہے کہ اُن کا مقصد جیلیں بھرنا نہیں بل کہ آج کے انسان کو اُس کے مُجرمانہ رُجحانات سے نجات دِلانا اور اُسے طمانیت کی دولت سے فیض یاب کرنا ہے۔
اہم بات یہ ہے کہ نیّراقبال علوی کو مُعاشرے کی کہانیاں صِرف وطن کے گلی کُوچوں اور بازاروں اور اداروں میں ہی بکھری ہُوئی نظر نہیں آتیں، بل کہ جب وہ بیرونی دُنیا کے مختلف ممالک کی سیروسیاحت کرتے ہیں، تو اُن مُلکوں کی کہانیوں کو بھی اپنے دامن میں سمیٹ لیتے ہیں، لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ مغرب زدگی کے اِس دور میں بھی مشرق کے ایسے ”مسکین“ ہیں، جو اپنی قدروں کی پایمالی پر کُڑھتے ہیں، تو اُس وقت خُوشی سے جُھومتے بھی ہیں، جب مُعاشرہ اُن کی ہم نوائی کرتا اور پایمال قدروں کو مُستحکم کرنے میں اُن کے افسانوں کا حِصّہ بن جاتا ہے۔ دُور دیس جا کر روزی کمانے والوں کے لیے یہ کہانیاں جہاں مُرقّعِ عِبرت ہیں، وہاں ایک لحاظ سے کھوئی ہُوئی منزل کا نشان بھی ہیں اور وہ خُود ایسے راہی ہیں جو اِس منزل کی نشان دہی کر رہے ہیں، لیکن اُن کا دِل مُعاشرے کی بے خبری پر دھڑک رہا ہے۔ آنکھ کے گہرے مُشاہدے اور دِل کی دھڑکن کی یہ کہانیاں جہات کے اعتبار سے مُتنوّع ہیں۔ ہر کہانی کا اپنا الگ جہانِ معنی ہے۔ اُن کے اُسلُوب میں کوئی پیچیدگی نہیں، اُن کا استدلال منطقی ہے، لیکن اِسے غیرفلسفیانہ قرار دینا زیادہ موزُوں ہے۔ مُجھے خُوشی ہُوئی کہ اُنھوں نے کہِیں بھی تبلیغی مقصد کا اظہار نہیں کِیا، لیکن اپنے مطمحِ نظر سے گُریز بھی نہیں کِیا، افکار و تاثُّرات کا ایک تصادُم ”عفریت“، ”بلوری کنٹر“، ”بہار سے خزاں تک“ ، ”کمرا نمبر 323“، ”جنک یارڈ“ جیسے افسانوں کی سطح پر رُونُما ہوتا ہے، لیکن اصل تصادُم قاری کے باطن میں اُس وقت برپا ہوتا ہے، جب افسانے کا المیہ اپنا تاثُّر قاری کو منتقل کر دیتا ہے۔ کہانیوں کی اِس کھڑکی سے خُوں رنگ مناظر دیکھنے کا موقع بھی مِلتا ہے۔ لیکن کہانیوں کی اس کتاب کا مجموعی تاثُّر مُثبت ہی قرار دِیا جا سکتا ہے۔
مُجھے یقین ہے کہ نیّراقبال علوی کو اُردُو فِکشن کا جُرأت مند فن کار تسلیم کِیا جائے گا اور اُن کی کہانیوں کی اگلی کتاب کا انتظار ابھی سے شُرُوع ہو جائے گا۔
انور سدید





Reviews
There are no reviews yet.